امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
برائے فوری اجرا
13 اکتوبر 2020
ترجمان دفتر خارجہ مورگن اورٹیگس کا بیان
امریکہ کو 11 اگست کو ترکی کی جانب سے مشرقی بحیرہ روم کے ان علاقوں میں ترک سروے کی سرگرمی دوبارہ شروع کیے جانے کے اعلان پر افسوس ہے جن پر یونان اپنی عملداری کا دعویٰ کرتا ہے۔ ترکی کے اعلان سے یکطرفہ طور پر خطے میں تناؤ کی کیفیت پیدا ہوئی ہے اور اس اقدام نے ہمارے نیٹو اتحادیوں یونان اور ترکی کے مابین سمندری وسائل کے کھوج سے متعلق اہم بات چیت کی بحالی کے عمل کو دانستہ طور سے پیچیدہ بنا دیا ہے۔
جبر، دھمکیوں، دہشت اور عسکری سرگرمی سے مشرقی بحیرہ روم میں تناؤ کا خاتمہ نہیں ہو گا۔ ہم ترکی پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس سوچی سمجھی اشتعال انگیزی کا خاتمہ کرے اور یونان کے ساتھ سمندری وسائل کے کھوج سے متعلق بات چیت فوری شروع کرے۔ یکطرفہ اقدامات سے اعتماد کی فضا قائم نہیں ہو سکتی اور اس سے مسائل کا دیرپا حل نہیں نکلے گا۔
