امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا بیان
19 اکتوبر
آج امریکہ نے القاعدہ کے ایک مالیاتی سہولت کار کو پابندیوں کے لیے نامزد کر کے مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر میں اس دہشت گرد تنظیم کی کارروائیوں میں مدد دینے والے مالیاتی و انصرامی نیٹ ورکس کو منتشر کرنے کا سلسلہ آگے بڑھایا۔ انتظامی حکم 13224 کی مطابقت سے احمد لقمان طالب کو القاعدہ کی مادی مدد اور معاونت یا اس کے لیے مالیاتی یا مادی اعانت فراہم کرنے یا اسے اشیا اور خدمات مہیا کرنے پر پابندی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں طالب کی ملکیت، اس کے زیر تصرف یا اس کی ہدایات پر چلنےوالی کمپنی ‘طالب اینڈ سنز’ کی بھی پابندی کے لیے نامزدگی عمل میں آئی ہے۔
احمد لقمان طالب القاعدہ کے مقاصد کو ترقی دینے کے لیے اس کی جانب سے عملی کارروائیوں اور ان میں سہولت دینے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
‘طالب اینڈ سنز پرائیویٹ لمیٹڈ’ قیمتی پتھروں کی تجارت کرنے والی آسٹریلوی کمپنی ہے جو احمد لقمان طالب کی ملکیت اور زیر تصرف ہے یا اس کی ہدایت پر کام کرتی ہے۔ طالب نے متعدد ممالک کے ساتھ مالیاتی لین دین کیا اور اس کے قیمتی پتھروں کے کاروبار نے اسے القاعدہ کو فائدے پہنچانے کی غرض سے دنیا بھر میں مالی وسائل کی منتقلی کے قابل بنایا۔
امریکہ نے دنیا بھر میں القاعدہ کے مددگار نیٹ ورکس کو کمزور کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ہم القاعدہ کی دہشت گرد سرگرمیوں اور ان میں مدد فراہم کرنے والوں کو نشانہ بنانے کی اپنی کوششوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
