rss

امریکہ کی جانب سے روس کے ملٹری انٹیلی جنس افسروں پر سائبر جرائم کے الزامات

Русский Русский, English English, Français Français, हिन्दी हिन्दी

امریکی دفتر خارجہ
دفتر برائے ترجمان
وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو کا بیان
19 اکتوبر 2020

 

محکمہ انصاف (ڈی او جے) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کی جانب سے آج روسی جنرل سٹاف کے مرکزی انٹیلی جنس ڈائریکٹوریت (جی آر یو) کے ملٹری یونٹ 74455 سے تعلق رکھنے والے چھ افسروں کے خلاف الزامات سے سائبر سپیس میں روس کی مسلسل انتشار انگیز، تباہ کن اور تخریبی سرگرمیاں واضح ہو جاتی ہیں۔

محکمہ انصاف اور ایف بی آئی نے واضح کر دیا ہے کہ روسی انٹیلی جنس کے اس یونٹ نے دنیا میں اب تک کا انتہائی تباہ کن میلویئر پھیلایا ہے۔ 2017 میں ہونے والا نوٹپیٹیا سائبر حملہ سرکاری طور پرروسی انٹیلی جنس سے منسوب کیا گیا تھا۔ یہ حملہ یوکرائن کی سرزمین سے کیا گیا اور اس سے یورپ، ایشیا اور شمالی و جنوبی امریکہ میں اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ جی آر یو کی اس کارروائی نے لوگوں کو اہم بنیادی خدمات کی فراہمی میں خلل ڈالا جن میں نقل و حمل اور صحت عامہ بھی شامل ہیں۔

اسی دوران روس کی جانب سے ڈوپنگ قانون کی خلاف ورزیوں پر اسے دی جانے والی سزا کے بعد جی آر یو کے 2018 میں پیانگ چانگ سرمائی اولمپکس کو نشانہ بنائے جانے  سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس اپنی تخریبی سرگرمیوں پر جواب طلبی کرنے والے ممالک پر وار کرنے کے لیے اپنی سائبر صلاحیتوں سے کام لینا چاہتا ہے۔ جی آر یو پر لگائے جانے والے الزام میں ایک اور حملے کا تذکرہ بھی ہے جس کا نتیجہ یوکرائن میں بجلی کی تقسیم کے نیٹ ورکس اور مالیاتی خدمات میں خلل کی صورت میں نکلا تھا۔ الزام میں شامل دیگر معاندانہ سائبر سرگرمیوں میں 2018 میں برطانیہ میں سرگئی سکریپل اور دیگر کو اعصابی زہر دیے جانے کی تحقیقات میں مصروف اداروں کو نشانہ بنانا شامل ہے۔ اس الزام کے آخر میں جی آر یو کی ایسی معاندانہ سرگرمی کا تذکرہ ہے جس میں جارجیا میں حکومتی اداروں و نجی کمپنیوں اور فرانس میں انتخابی عمل کو نشانہ بنایا گیا۔

مختصر یہ کہ ان سائبر سرگرمیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس تحفظ عامہ اور عالمگیر استحکام کا بالکل احترام نہیں کرتا۔ روس خود کو سائبر سپیس میں استحکام کا حامی کہتا ہے مگر حقیقت میں وہ انٹرنیٹ میں خلل ڈالنے والے سب سے بڑے ممالک میں شامل ہے۔ ہم روس سے کہتے ہیں کہ وہ اپنا غیرذمہ دارانہ طرزعمل ترک کرے۔ مزید برآں ہم سائبر سپیس میں بھرپور استحکام کے خواہاں تمام سے کہتے ہیں کہ آج جن کرداروں کو مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے میں ہماری مدد کریں۔


یہ ترجمہ ازراہِ نوازش فراہم کیا جا رہا ہے اور صرف اصل انگریزی ماخذ کو ہی مستند سمجھا جائے۔
تازہ ترین ای میل
تازہ ترین اطلاعات یا اپنے استعمال کنندہ کی ترجیحات تک رسائی کے لیے براہ مہربانی اپنی رابطے کی معلومات نیچے درج کریں